
خلیج اردو
سوراب: بلوچستان کے ضلع سوراب میں جمعے کی شام مسلح دہشت گردوں نے بینک اور سرکاری افسران کے گھروں پر حملہ کیا، جس کے نتیجے میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ہدایت اللہ بلیدی شہید ہو گئے۔ ترجمان بلوچستان حکومت شاہ درند کے مطابق دہشت گردوں نے سوراب بازار میں ایک بینک کو لوٹنے کے بعد مختلف سرکاری افسران کے گھروں کو نذر آتش کر دیا۔
حملے کے دوران ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہدایت اللہ بلیدی نے دہشت گردوں کا بہادری سے مقابلہ کیا اور جان کا نذرانہ پیش کیا۔ ان کی رہائش گاہ پر اس وقت خواتین اور بچے بھی موجود تھے، تاہم ان کے تحفظ کے لیے اے ڈی سی نے اپنی جان قربان کر دی۔
صدرِ مملکت، وزیراعظم اور وزیر داخلہ نے دہشت گردوں کے اس بزدلانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور واقعے کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔






