
خلیج اردو
ڈیٹ لائن: 04 ستمبر 2025
اسلام آباد: چئیرمین کی زیر صدارت اسلام آباد میں پانی کی بچت اور زیر زمین پانی کی سطح بڑھانے کے لیے ایک اہم اجلاس ہوا، جس میں متعدد اقدامات کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بارش کے پانی کو زیر زمین منتقل کرنے کے لیے ابتدائی طور پر شہر کے مختلف مقامات پر 100 بڑے ریچارج ایبل ویلز بنائے جائیں گے۔ یہ ویلز گرین بیلٹس اور اوپن اسپیسز میں قائم کیے جائیں گے اور فارم ہاؤسز سمیت تمام گھروں میں ریچارج ایبل ویلز بنانا ضروری قرار دیا گیا۔ ہاؤسنگ سوسائیٹیز اس بات کو یقینی بنائیں گی کہ تمام گھروں میں ویلز کی تعمیر مکمل ہو اور سی ڈی اے کو رپورٹ پیش کی جائے۔
اجلاس میں اسلام آباد کے قدرتی نالوں کے صاف پانی کو محفوظ بنانے کے لیے 20 بڑے واٹر ٹینک اور ریزوائرز بنانے کا فیصلہ بھی کیا گیا، ابتدائی طور پر 10 واٹر ٹینک قائم کیے جائیں گے۔ مزید براں، شہر کی مساجد میں وضو کے پانی کو محفوظ کرنے کی منظوری دی گئی تاکہ اسے باغبانی اور تعمیراتی کاموں میں استعمال کیا جا سکے، اور ہاؤسنگ سوسائیٹیز اس نظام کی نگرانی کریں گی۔
اسلام آباد میں نالوں سے آبی آلودگی ختم کرنے کے لیے مختلف مقامات پر 11 ویٹ لینڈز بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ ویٹ لینڈز کے ذریعے سائینٹیفک طریقے سے آلودہ پانی صاف کر کے پانی کے آبی وسائل میں شامل کیا جائے گا، اور تمام ہاؤسنگ سوسائیٹیز میں ویٹ لینڈز کی تعمیر لازمی قرار دی گئی ہے۔ سی ڈی اے ہاؤسنگ سوسائیٹیز میں بنائی جانے والی ویٹ لینڈز کی نگرانی کرے گا۔






