
خلیج اردو
لاہور: چیمپئنز ٹرافی میں آسٹریلیا اور افغانستان کا اہم میچ بارش کی وجہ سے منسوخ کر دیا گیا، جس کے بعد آسٹریلوی ٹیم سیمی فائنل میں پہنچ گئی جبکہ افغانستان کے لیے اگلے مرحلے میں رسائی کا راستہ انتہائی مشکل ہو گیا۔
لاہور میں کھیلے گئے میچ میں افغانستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 273 رنز بنائے۔ جواب میں آسٹریلیا نے 12.5 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 109 رنز بنا لیے تھے کہ بارش کے باعث میچ ختم کرنا پڑا۔
بارش کے باعث میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہونے کی وجہ سے دونوں ٹیموں کو ایک، ایک پوائنٹ دیا گیا۔ اس کے ساتھ ہی آسٹریلیا نے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی جبکہ افغانستان کے لیے اگلے مرحلے میں رسائی کا انحصار آج ہونے والے جنوبی افریقہ اور انگلینڈ کے میچ پر ہے۔
افغانستان کی قسمت جنوبی افریقہ کے ہاتھ میں
اگر جنوبی افریقہ آج انگلینڈ کو شکست دے دیتا ہے تو افغانستان کا چیمپئنز ٹرافی کا سفر ختم ہو جائے گا، جبکہ انگلینڈ کے جیتنے کی صورت میں افغانستان کے سیمی فائنل تک پہنچنے کے امکانات باقی رہیں گے۔
یہ مقابلہ افغانستان کے لیے ایک بڑا دھچکا ثابت ہوا، کیونکہ بارش نے ان کی محنت پر پانی پھیر دیا۔ اب سب کی نظریں آج کے اہم میچ پر مرکوز ہیں جو گروپ بی کی سیمی فائنلسٹ ٹیم کا فیصلہ کرے گا۔







