پاکستانی خبریں

محرم میں سوشل میڈیا پر اشتعال انگیز مواد پھیلانے والوں کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے گا، مریم نواز

خلیج اردو
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت محرم الحرام کے انتظامات کے حوالے سے ایک خصوصی اجلاس منعقد ہوا، جس میں تمام اضلاع اور متعلقہ محکموں کو سخت ہدایات جاری کی گئیں۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت دی کہ وال چاکنگ اور اشتعال انگیز بینرز پر مکمل پابندی ہوگی اور تمام ضلعی و صوبائی افسران کو انتظامات کی ذاتی نگرانی یقینی بنانی ہوگی۔

اجلاس میں محرم الحرام کے دوران مجالس اور جلوسوں کے راستوں پر سبیلیں لگانے، پانی کا چھڑکاؤ، ہیٹ سٹروک سے بچاؤ کے اقدامات اور فیلڈ ہسپتال قائم کرنے کی ہدایات دی گئیں۔ وزیراعلیٰ نے سٹریٹ لائٹس کو مکمل فعال رکھنے، بجلی کی بندش نہ کرنے، گٹروں کے ڈھکن اور مین ہولز کو بند کرنے پر بھی زور دیا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے سیف سٹی کیمروں کی فوری درستگی اور اینٹی ڈرون سسٹم کے حصول کی بھی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کو یقینی بنانے کیلئے نفرت انگیز مواد پر زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی جائے گی۔

وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ سوشل میڈیا پر اشتعال انگیز مواد پھیلانے والوں کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے گا اور کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button