
خلیج اردو
اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پیزشکیان سے علیحدہ علیحدہ ٹیلیفونک رابطے کیے، جن میں مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی، خطے کی سلامتی، اور سفارتی کوششوں کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے سعودی ولی عہد کو کامیاب حج انتظامات اور پاکستانی حجاج کرام کی شاندار مہمان نوازی پر مبارکباد دی اور شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے ہندوستان کے ساتھ حالیہ کشیدگی میں سعودی حمایت پر بھی ولی عہد کا شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ تمام تصفیہ طلب مسائل بشمول کشمیر، پانی، تجارت اور دہشت گردی پر بامعنی بات چیت کیلئے تیار ہے۔ مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے اسرائیل-ایران بحران پر فوری کشیدگی میں کمی اور سفارتی حل کی حمایت کا اعادہ کیا۔
انہوں نے سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا یقین دلایا اور ولی عہد کی دانشمندانہ قیادت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انہیں مسلم دنیا کا رہنما قرار دیا۔
سعودی ولی عہد نے ٹیلیفون کال پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور مشرق وسطیٰ میں دیرپا امن کیلئے پاکستان کے تعمیری کردار کی تعریف کی۔
دوسری جانب وزیراعظم نے ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پیزشکیان سے بھی رابطہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں تیزی سے بدلتی صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور کشیدگی کے خاتمے کیلئے مذاکرات اور سفارت کاری کا حامی ہے۔
وزیراعظم نے اقوام متحدہ اور او آئی سی سمیت تمام عالمی فورمز پر ایران کی اصولی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ ایرانی صدر نے بھی پاکستان کی مستقل حمایت پر شکریہ ادا کیا اور موجودہ تنازع کے پرامن حل کو فروغ دینے میں پاکستان کے مثبت کردار کو سراہا۔






