
خلیج اردو
لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ورلڈ ایمیونائزیشن ویک کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ بیماریوں سے بچاؤ کا سب سے مؤثر ہتھیار احتیاط، آگاہی اور ویکسینیشن ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں پولیو، خسرہ، ٹی بی، ہیپاٹائٹس، تشنج، نمونیا اور دیگر مہلک بیماریوں کے خلاف بھرپور ویکسینیشن مہم جاری ہے۔
مریم نواز نے پنجاب کے ہر شہری، خصوصاً والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو حفاظتی ٹیکے لازمی لگوائیں، کیونکہ ویکسین ہر بچے کی بنیادی ضرورت اور والدین کی اہم ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہیلتھ ورکرز، ویکسینیٹرز اور محکمہ صحت کی ٹیمیں دن رات گھر گھر اور گلی گلی جا کر بچوں کو ویکسین دے رہی ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت کی ایمیونائزیشن مہم ہر بچے، ہر خاندان بلکہ پورے معاشرے کے محفوظ مستقبل کے لیے ہے۔
مریم نواز نے عزم کا اظہار کیا کہ پنجاب کو پولیو فری صوبہ بنایا جائے گا، کیونکہ صحت مند بچہ ہی تعلیم یافتہ، باصلاحیت اور خود اعتماد شہری بن سکتا ہے۔






