پاکستانی خبریں

خلیل الرحمن قمر ہنی ٹریپ کیس: تین ملزمان کو سات، سات سال قید اور دو، دو لاکھ روپے جرمانے کی سزا

خلیج اردو
لاہور:انسداد دہشتگردی عدالت لاہور نے معروف مصنف اور ڈرامہ نگار خلیل الرحمن قمر ہنی ٹریپ کیس کا تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا ہے۔ عدالت کے جج ارشد جاوید کی جانب سے تحریر کردہ 28 صفحات پر مشتمل فیصلے کے مطابق ملزمہ آمنہ عروج، ذیشان قیوم اور ممنون حیدر قصور وار قرار پائے ہیں۔

عدالت نے تینوں ملزمان کو انسداد دہشتگردی ایکٹ کے تحت 7، 7 سال قید اور 2، 2 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی، جبکہ باقی سات ملزمان کو الزامات سے بری کر دیا گیا۔ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ پراسیکیوشن اغوا برائے تاوان کے الزامات ثابت کرنے میں ناکام رہی۔

فیصلے کے مطابق 15 جولائی 2024 کو خلیل الرحمن قمر نے آمنہ عروج کی خواہش پر ان سے ملاقات کی، مگر اس موقع پر سات افراد نے انہیں پکڑ لیا، ان سے آئی فون، نقدی اور دیگر اشیاء چھین لیں، اور ایک کروڑ روپے تاوان کا مطالبہ کیا۔ پانچ ملزمان انہیں گاڑی میں ڈال کر نامعلوم مقام پر لے گئے، جہاں ایک ملزم نے ان پر گولی چلائی لیکن وہ خوش قسمتی سے محفوظ رہے۔

عدالتی فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ ملزمان نے خلیل الرحمن قمر کو مسلسل جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں اور بعد ازاں انہیں کار سے باہر پھینک کر فرار ہو گئے۔ عدالت کے مطابق اگرچہ اقدام قتل ثابت نہیں ہوا، لیکن مالی فراڈ اور دھمکیوں کے الزامات ثابت ہو چکے ہیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button