
خلیج اردو
پشاور:وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ پاکستان ہمارے آباؤ اجداد کی عظیم قربانیوں سے حاصل کیا گیا، اور یہ ایک سیاسی جدوجہد کا ثمر ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس ریاست کا ماڈل انصاف پر مبنی ہو، وہ دنیا کی بہترین ریاست کہلاتی ہے، مگر افسوس ہے کہ آج بھی ہمارا نظامِ انصاف پیچھے ہے۔
وکلا برادری کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ملک کو ڈنڈے کے زور پر نہیں چلایا جا سکتا۔ پاکستان کو آئین و قانون کے دائرے میں رہ کر آگے بڑھانا ہوگا۔ انہوں نے وکلا برادری کو انصاف کی فراہمی میں ریڑھ کی ہڈی قرار دیا۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ پاکستان اس وقت قرضوں کے بوجھ تلے دبا ہوا ہے، جب کہ 2024 کے انتخابات میں بدترین دھاندلی کی گئی۔ ان کے مطابق ملک میں مخصوص افراد کو مسلط کرنے کے تجربات کیے گئے جو جمہوریت کے لیے نقصان دہ ہیں۔
انہوں نے عالمی سطح پر مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم پر بھی آواز بلند کی اور کہا کہ کشمیری اور فلسطینی عوام بدترین حالات سے گزر رہے ہیں، مگر عالمی برادری خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ ہم ملک میں آئین اور قانون کی بالادستی چاہتے ہیں، اور یہی اصول پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کر سکتے ہیں۔






