پاکستانی خبریں

پی ٹی آئی والے نسل درنسل غلام ہیں اور رہیں گے،عطا تارڑ کا خیبرپختونخوا میں پارٹی کارکنان سے خطاب، مخالفین پر شدید تنقید

خلیج اردو
پشاور:وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے خیبرپختونخوا میں مسلم لیگ (ن) کے عہدیداروں اور کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کے عوام نے ہمیشہ مسلم لیگ (ن) کا ساتھ دیا ہے اور یہاں کے کارکنان پارٹی کا قیمتی اثاثہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اختیار ولی جیسے وفادار کارکن مشکل وقت میں بھی پارٹی کے ساتھ ڈٹے رہے۔

عطا تارڑ نے اپنے خطاب میں مسلم لیگ (ن) کی کارکردگی کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کے ویژن کے تحت ملک میں ترقیاتی منصوبے شروع کیے گئے، موٹرویز کا جال خیبرپختونخوا سے گزر رہا ہے اور مسلم لیگ (ن) ہی نے پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا۔ انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ دور فسطائیت کا دور تھا لیکن مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ خدمت اور ترقی کی سیاست کی۔

انہوں نے 9 مئی کے واقعات کو ملکی سالمیت پر حملہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان واقعات نے انہیں رات بھر سونے نہیں دیا۔ شہداء کی یادگاروں کی بے حرمتی پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دشمن بھی ان شہداء کی بہادری کے معترف ہیں۔ مخصوص جماعت نے ان یادگاروں کی توہین کر کے ملک دشمنی کا ثبوت دیا۔

عطا تارڑ نے دعویٰ کیا کہ حکومت کی مؤثر پالیسیوں کے باعث معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے اور پاکستان ڈیفالٹ کے خطرے سے باہر آ چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ معاشی بہتری نیک نیتی اور ٹیم ورک کا نتیجہ ہے۔

انہوں نے خیبرپختونخوا کی سابق حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں عوامی فلاح کا کوئی منصوبہ نظر نہیں آتا، نہ ہی صحت اور نہ ہی امن و امان پر توجہ دی گئی۔ انہوں نے الزام لگایا کہ پی ٹی آئی کے رہنما دہشتگردی کے خلاف بات کرنے سے بھی گھبراتے ہیں۔

عطا تارڑ نے کہا کہ پی ٹی آئی اب گروپ بندی کا شکار ہو چکی ہے اور یہ لوگ نہ ملک سے مخلص ہیں اور نہ ہی اپنی پارٹی سے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button