پاکستانی خبریں

مائنز اینڈ منرلز بل مکمل طور پر خیبر پختونخوا کے معدنی وسائل کے تحفظ، ترقی اور عوامی مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے بنایا گیا ہے،مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا کا وفاقی وزیر پیٹرولیم کے الزامات پر سخت ردعمل

خلیج اردو
پشاور:مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف نے وفاقی وزیر پیٹرولیم کے حالیہ بیان کو مسترد کرتے ہوئے اسے جھوٹا اور من گھڑت قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وفاقی وزیر نے نجی ٹی وی پروگرام میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پر بے بنیاد الزامات لگائے ہیں، جن کی کوئی حقیقت نہیں۔

بیرسٹر سیف نے واضح کیا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے مائنز اینڈ منرلز بل پر کسی بھی قسم کے کاغذ پر دستخط نہیں کیے اور نہ ہی اس ضمن میں وفاق کے ساتھ کوئی معاہدہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر وفاقی وزیر اپنے الزامات کے ثبوت فراہم نہ کر سکے تو ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ مائنز اینڈ منرلز بل مکمل طور پر خیبر پختونخوا کے معدنی وسائل کے تحفظ، ترقی اور عوامی مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے بنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس قانون کی تیاری میں نہ تو ایس آئی ایف سی اور نہ ہی وفاقی حکومت سے کوئی ڈکٹیشن لی گئی۔

بیرسٹر سیف نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا کی حکومت نے آزادانہ طور پر قانون سازی کی ہے، اور اگر دیگر صوبوں نے وفاقی ہدایات پر قوانین بنائے ہیں تو وہ ان کا اختیار ہے، تاہم خیبر پختونخوا اپنی پالیسیوں میں خود مختار ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button