
خلیج اردو
اسلام آباد:وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت اسلام آباد میں ملکی معیشت کی مکمل ڈیجیٹائزیشن سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ملکی معیشت کو مکمل طور پر ڈیجیٹل خطوط پر استوار کیا جائے گا تاکہ غیر رسمی معیشت کا خاتمہ ممکن ہو اور شفافیت کو فروغ دیا جا سکے۔
وزیر اعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معیشت کی ڈیجیٹائزیشن حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے کا مرکزی نکتہ ہے اور اس کا مقصد معیشت کو جدید، منظم اور دیرپا بنیادوں پر کھڑا کرنا ہے۔ انہوں نے متعلقہ وزارتوں اور اداروں کو فوری طور پر ایک متحرک ورکنگ گروپ تشکیل دینے کی ہدایت کی تاکہ ان اصلاحات کا نفاذ جلد ممکن بنایا جا سکے۔
وزیر اعظم نے رمضان پیکیج کی شفاف اور مؤثر ترسیل کے لیے ڈیجیٹل والٹ کے استعمال کو سراہا اور اس نظام کو دیگر شعبوں میں بھی وسعت دینے کی ہدایت جاری کی۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ رمضان پیکیج مکمل طور پر ڈیجیٹل طریقے سے مستحقین تک پہنچایا گیا، اسلام آباد میں آئی سی ٹی ایپلی کیشن کے ذریعے 150 سے زائد سرکاری خدمات مہیا کی جا رہی ہیں، جبکہ راست گیٹ وے کے ذریعے روزمرہ ادائیگیوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
وزیر اعظم نے اس موقع پر ہدایت دی کہ حکومت اور اسٹیٹ بینک مل کر "راست” پلیٹ فارم کو مزید مؤثر بنائیں اور عوامی سطح پر اس کے استعمال کو عام کریں۔ اجلاس میں حکومت کے پانچ نکاتی لائحہ عمل پر بھی غور کیا گیا اور تمام اقدامات کے مؤثر نفاذ اور نگرانی کے لیے فوری ورکنگ گروپ قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
۔






