پاکستانی خبریں

ڈی پورٹ ہونے والے افراد کیخلاف سخت اقدامات کا فیصلہ، پاسپورٹ منسوخی اور ایف آئی آر درج ہوگی

خلیج اردو
اسلام آباد – وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیرصدارت اہم اجلاس میں ڈی پورٹ ہو کر واپس آنے والے پاکستانیوں کے خلاف سخت اقدامات کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایسے افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے گی، ان کا پاسپورٹ منسوخ کیا جائے گا، اور انہیں پانچ سال کے لیے پاسپورٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کیا جائے گا۔

محسن نقوی نے اجلاس کے دوران واضح کیا کہ ڈی پورٹ ہونے والے افراد پاکستان کے لیے بین الاقوامی سطح پر شرمندگی کا باعث بنتے ہیں، اور آئندہ ایسے افراد کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ پاسپورٹ قوانین کو مزید سخت اور مؤثر بنایا جائے تاکہ ملک کی ساکھ کو نقصان پہنچانے والے عناصر کی حوصلہ شکنی ہو۔

اس مقصد کے لیے سیکرٹری داخلہ کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جو موجودہ پاسپورٹ قوانین کا جائزہ لے گی اور ان میں ضروری ترامیم تجویز کرے گی تاکہ آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔

محکمہ داخلہ کے ذرائع کے مطابق یہ اقدامات ان افراد کے خلاف کیے جا رہے ہیں جو غیر قانونی طریقے سے بیرون ملک جاتے ہیں، وہاں سے ڈی پورٹ ہو کر واپس آتے ہیں اور دوبارہ ایسی کوشش کرتے ہیں۔ حکومت اب ان پر سختی سے نظر رکھنے کا فیصلہ کر چکی ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button