
خلیج اردو
راولپنڈی: ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے جعفر ایکسپریس پر دہشت گرد حملے سے متعلق اہم انکشافات کیے ہیں۔ انہوں نے ضرار کمپنی کی جانب سے کیے گئے آپریشن کو دنیا کا مشکل اور منفرد آپریشن قرار دیا اور کہا کہ آپریشن کے دوران کسی یرغمالی کی شہادت نہیں ہوئی۔
پریس بریفنگ کے دوران آپریشن کی نئی فوٹیجز بھی میڈیا کے سامنے پیش کی گئیں۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ دہشت گرد اپنے سہولت کاروں سے مسلسل رابطے میں تھے اور جدید غیرملکی اسلحہ استعمال کر رہے تھے۔ حملے کے دوران فرنٹیئر کور (ایف سی) کے 3 جوان شہید ہوئے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے بھارتی میڈیا پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی میڈیا نے جعفر ایکسپریس حملے کو توڑ مروڑ کر پیش کیا اور جعلی ویڈیوز کے ذریعے پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا کیا۔ انہوں نے کہا کہ دشمن قوتیں جھوٹی معلومات پھیلا کر ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔
پریس بریفنگ میں وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے بھی شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے جس جرات اور بہادری سے یرغمالیوں کو بحفاظت رہا کرایا، وہ قابلِ تعریف ہے۔ سرفراز بگٹی نے سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے دہشت گردی کے واقعے پر اظہارِ یکجہتی کرنے والوں کا شکریہ ادا کیا۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا کہ پاکستان کی سلامتی اور خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور دہشت گردوں کو ہر صورت انجام تک پہنچایا جائے گا۔






