
خلیج اردو
اسلام آباد:ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے اپنی پریس بریفنگ میں کہا کہ ملک میں ہونے والے دہشتگردی کے واقعات کے اصل اسپانسر مشرقی ہمسایہ (بھارت) ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں کو اسلحہ افغانستان سے فراہم کیا جا رہا ہے اور جعفر ایکسپریس پر حملہ بھارتی پالیسی کا تسلسل ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے انکشاف کیا کہ بنوں میں ہونے والے حملے میں بھی افغان دہشتگرد ملوث تھے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز روزانہ کی بنیاد پر دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کر رہی ہیں اور 2025 میں روزانہ تقریباً 180 آپریشن کیے جا رہے ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ لاپتہ افراد کی انکوائری کے لیے ایک کمیشن قائم کیا گیا ہے، جس کے تحت 2261 کیسز زیرِ تفتیش ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 2024 سے اب تک پاکستان کی سیکیورٹی فورسز کے 563 جوان شہید ہو چکے ہیں۔ لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے واضح کیا کہ پاکستان کی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور ملک دشمن عناصر کو ان کے انجام تک پہنچایا جائے گا۔






