
خلیج اردو
لاہور – وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے ایتھوپیا کے سفیر ڈاکٹر جمال بیکر عبداللہ نے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ، مختلف شعبوں میں تعاون، اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب نے ایتھوپیا کے سفیر کا خیرمقدم کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان اور ایتھوپیا کے مابین دوطرفہ مشاورت ایک خوش آئند پیش رفت ہے اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں۔
ملاقات میں زرعت، تعلیم، صحت، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور تجارتی شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے ایتھوپیا سے پاکستان کیلئے براہِ راست پرواز کی بحالی پر سفیر کو مبارکباد دی اور کہا کہ اس اقدام سے عوامی اور تجارتی روابط کو تقویت ملے گی۔
ڈاکٹر جمال بیکر عبداللہ نے حکومت پنجاب کی ترقیاتی حکمت عملی اور عوامی فلاحی اقدامات کو سراہا اور کہا کہ ایتھوپیا پاکستان، خصوصاً پنجاب کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔







