خلیج اردو: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے نائب صدر اور سابق وزیر اطلاعات فواد چوہدری کو بدھ کی صبح پنجاب پولیس نے گرفتار کر لیا۔
پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا کہ پولیس نے فواد چوہدری کو لاہور میں ان کے گھر سے گرفتار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت نے خوف و ہراس کی حالت میں پی ٹی آئی رہنماؤں کی گرفتاریاں شروع کر دی ہیں۔
اس سے قبل، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ہزاروں کارکن بدھ کی صبح لاہور کے زمان پارک میں پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان کی رہائش گاہ کے باہر جمع ہوئے تاکہ اپنے قائد کو پنجاب پولیس کی ممکنہ گرفتاری سے بچاسکیں۔
پی ٹی آئی کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ کے ذریعے دی گئی کال پر ہزاروں کی تعداد میں پی ٹی آئی کارکنان بشمول خواتین اور بچے اور پارٹی کی اعلیٰ قیادت زمان پارک پہنچ گئے۔
عمران خان کی رہائش گاہ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے کہا کہ صرف 30 منٹ کے نوٹس پر ہزاروں کارکن یہاں آئے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے مقبول ترین رہنما عمران خان کو گرفتار کرنا پاکستان کے خلاف سازش ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ عمران خان ہماری ریڈ لائن ہیں، اگر کسی نے خان کو گرفتار کرنے کی سازش کی تو پورے پاکستان میں احتجاج ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ہر شہر کو لاک ڈاؤن کر دیا جائے گا کیونکہ عوام اپنے مقبول لیڈر کے ساتھ کھڑے ہیں۔