خلیج اردو: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ہزاروں کارکن بدھ کی صبح لاہور کے زمان پارک میں پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان کی رہائش گاہ کے باہر جمع ہوگئے تاکہ اپنے قائد کو پنجاب پولیس کی ممکنہ گرفتاری سے بچائیں۔
منگل کی رات گئے لاہور میں پنجاب پولیس کے اعلیٰ سطحی اجلاس کے بعد عمران خان کی ممکنہ گرفتاری کی خبر جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی۔ پی ٹی آئی کارکنوں کو سابق وزیراعظم عمران خان کی رہائش گاہ زمان پارک کے باہر جمع ہونے کو کہا گیا۔
پی ٹی آئی کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ کے ذریعے دی گئی کال پر ہزاروں کی تعداد میں پی ٹی آئی کارکنان بشمول خواتین اور بچے اور پارٹی کی اعلیٰ قیادت زمان پارک پہنچ گئی۔
عمران خان کی رہائش گاہ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے کہا کہ صرف 30 منٹ کے نوٹس پر ہزاروں کارکن یہاں آئے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے مقبول ترین رہنما عمران خان کو گرفتار کرنا پاکستان کے خلاف سازش ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ عمران خان ہماری ریڈ لائن ہیں، اگر کسی نے خان کو گرفتار کرنے کی سازش کی تو پورے پاکستان میں احتجاج ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ہر شہر کو لاک ڈاؤن کر دیا جائے گا کیونکہ عوام اپنے مقبول لیڈر کے ساتھ کھڑے ہیں۔