خلیج اردو: جرمن چانسلر اولاف شولز نے برلن پر کئی ہفتوں کے دباؤ کے بعد یوکرین کو لیپرڈ 2 جنگی ٹینک فراہم کرنے پر رضامندی کا اظہار کر دیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جرمن میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ بین الاقوامی دباؤ کے بعد چانسلر اولاف شولز نے کم از کم 14 لیپرڈ 2 ٹینک یوکرین بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ دیگر ممالک کو بھی ایسا کرنے کی اجازت دے دی ہے۔
انٹرنیشنل انسٹی ٹیوٹ فار اسٹریٹجک اسٹڈیز کے مطابق کم از کم 16 یورپی اور نیٹو ممالک کے پاس لیپرڈز 2 ٹینک موجود ہیں ۔
جرمن میڈیا نے منگل کو نامعلوم سرکاری ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ برلن نے دیگر ممالک جیسے پولینڈ اور فن لینڈ کو بھی یوکرین کو جرمن ساختہ ٹینک دوبارہ برآمد کرنے کا لائسنس دیا ہے۔
جرمن حکومت لیپرڈز ٹینکوں کی فراہمی کے معاملے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے اور یہ فیصلہ کرنے کا اختیار رکھتی ہے کہ کون سے ممالک جرمن ساختہ، جدید ترین ٹینک حاصل کر سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ اس حوالے سے جرمن حکومت کی طرف سے ابھی تک کوئی سرکاری بیان سامنے نہیں آیا ہے، چانسلر اولاف شولز( آج ) بدھ کی صبح جرمن پارلیمنٹ سے خطاب کریں گے۔