
خلیج اردو
اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے ایک بار پھر 2024 کے عام انتخابات کے نتائج کو مسترد کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اسمبلیاں عوام کی نمائندہ نہیں ہیں اور حکومت مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔
پریس کانفرنس سے خطاب میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ 2018 کی طرح 2024 کے انتخابات بھی دھاندلی زدہ تھے، موجودہ حکومت کی کارکردگی صفر ہے، ملک میں دہشتگردی عروج پر ہے اور ریاستی رٹ کہیں نظر نہیں آتی۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں بھتہ خوری عام ہو چکی ہے اور کاروباری طبقہ شدید پریشان ہے۔ ان کے مطابق ریاستی ادارے عوام کے جان و مال کے تحفظ میں مکمل ناکام ہو چکے ہیں، اور ملک کو شفاف انتخابات کی اشد ضرورت ہے۔
انہوں نے خیبرپختونخوا کے مائنز اینڈ منرلز بل کو بھی مکمل طور پر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ جے یو آئی اس بل کا ہر سطح پر مقابلہ کرے گی۔
مولانا فضل الرحمان نے واضح کیا کہ جے یو آئی اس وقت کسی اپوزیشن اتحاد کا حصہ نہیں تاہم دیگر جماعتوں سے رابطے برقرار ہیں۔ انہوں نے مذہبی جماعتوں کے ساتھ رابطوں کو مثبت پیش رفت قرار دیا۔
انہوں نے فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے اعلان کیا کہ 27 اپریل کو لاہور اور 11 و 15 مئی کو کوئٹہ میں فلسطینیوں کے حق میں مارچ کیا جائے گا۔






