پاکستانی خبریں

عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف اور عالمی بینک نے پاکستان کی معیشت سے متعلق تازہ ترین رپورٹس جاری کر دی

آئی ایم ایف اور عالمی بینک کی پیش گوئی: پاکستان میں مہنگائی میں کمی، شرح نمو ہدف سے کم رہے گی

خلیج اردو
اسلام آباد: عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف اور عالمی بینک نے پاکستان کی معیشت سے متعلق تازہ ترین رپورٹس جاری کر دی ہیں، جن میں مہنگائی میں کمی اور شرح نمو میں ہدف سے کم رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

آئی ایم ایف کی جاری کردہ ورلڈ اکنامک آؤٹ لک رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال پاکستان کی شرح نمو کا تخمینہ 3 فیصد سے کم ہو کر 2.6 فیصد تک محدود رہنے کا امکان ہے۔ رپورٹ میں افراط زر کے حوالے سے بتایا گیا کہ موجودہ مالی سال میں مہنگائی کی شرح 10 فیصد سے کم ہو کر 5.1 فیصد تک آ سکتی ہے، جبکہ آئندہ مالی سال میں یہ شرح 7.7 فیصد رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

رپورٹ میں آئی ایم ایف نے پاکستان کے نجکاری پلان، کاروباری ماحول کی بہتری اور اصلاحاتی ایجنڈے کی حمایت کا اعادہ کیا ہے۔

دوسری جانب عالمی بینک کی رپورٹ میں 2025 میں شرح نمو 2.7 فیصد، 2026 میں 3.1 فیصد اور 2027 میں 3.4 فیصد رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ افراط زر اور شرح سود میں کمی کے ساتھ معاشی بہتری کے آثار نمایاں ہو رہے ہیں، تاہم سخت معاشی پالیسیوں، ٹیکسوں میں اضافے اور سرکاری اخراجات میں کٹوتیوں نے صنعتی سرگرمیوں کو متاثر کیا ہے۔

دونوں اداروں نے پاکستان میں پائیدار معاشی بہتری کیلئے اصلاحات، آزاد شرحِ تبادلہ، مؤثر ٹیکس نظام اور نجی سرمایہ کاری کے فروغ پر زور دیا ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button