پاکستانی خبریں

بھارتی جارحیت کا نشانہ بننے والے 7 سالہ ارتضیٰ عباس توری کی نماز جنازہ اسلام آباد میں ادا، صدر، وزیر اعظم اور عسکری قیادت کی شرکت

خلیج اردو
اسلام آباد، 7 مئی 2025:
بھارتی سرحد پار بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں شہید ہونے والے سات سالہ ارتضیٰ عباس توری، جو لیفٹیننٹ کرنل ظہیر عباس توری کے صاحبزادے تھے، کی نمازِ جنازہ آج اسلام آباد میں عقیدت و احترام کے ساتھ ادا کی گئی۔

نمازِ جنازہ میں صدر پاکستان آصف علی زرداری، وزیر اعظم محمد شہباز شریف، نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وزیر اطلاعات، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف سمیت اعلیٰ فوجی و سول حکام، حاضر سروس و ریٹائرڈ افسران، سپاہیوں اور شہید کے عزیز و اقارب کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

نمازِ جنازہ کے بعد وزیر اعظم شہباز شریف نے بھارت کی بلااشتعال جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ معصوم بچوں، خواتین اور بزرگوں کو جان بوجھ کر نشانہ بنانا انتہائی قابلِ مذمت اور بزدلانہ فعل ہے، جو بھارتی حکومت کی جارحانہ اور تکبر پر مبنی ذہنیت کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے اقدامات خطے اور دنیا کے امن کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔

صدر اور وزیر اعظم نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان کی بہادر افواج دشمن کے ہر محاذ پر جرأت مندانہ اور موثر جواب دے رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انسانی و بین الاقوامی قوانین کی اس کھلی خلاف ورزی کا ہر صورت میں منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

صدر اور وزیر اعظم نے دعا کی، "اللہ تعالیٰ اس بزدلانہ بھارتی جارحیت کے نتیجے میں شہید ہونے والے معصوم ارتضیٰ عباس توری کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور ان کے اہل خانہ کو یہ ناقابلِ تلافی صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ دے۔ آمین۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button