
خلیج اردو
کراچی: وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات کی، جس میں بھارت کے پہلگام واقعہ کے بعد کے غیر ذمہ دارانہ اقدامات کے تناظر میں تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیرداخلہ نے صدر آصف علی زرداری کو قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں کے بارے میں آگاہ کیا، جس کے بعد صدر نے قومی سلامتی کمیٹی کی جانب سے بھارت کے اقدامات کے جواب میں کیے گئے جوابی فیصلوں کو سراہا۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلے قوم کی امنگوں کی ترجمانی کرتے ہیں اور پورا ملک ان فیصلوں اور اقدامات کے ساتھ کھڑا ہے۔ انہوں نے بھارت کے بے بنیاد الزامات اور غیر منطقی اقدامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ دشمن کو کسی غلط فہمی میں نہیں رہنا چاہیے، کیونکہ پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہے۔





