
خلیج اردو
پشاور: خیبرپختونخوا میں منکی پاکس (ایم پاکس) کا آٹھواں کیس رپورٹ ہو گیا ہے۔ ترجمان محکمہ صحت کے مطابق 31 سالہ مریض کی پشاور ائیرپورٹ پر اس وقت سکریننگ کی گئی جب وہ دبئی روانہ ہونے والا تھا۔ سکریننگ کے بعد اس کے نمونے قومی پبلک ہیلتھ ریفرنس لیبارٹری بھجوائے گئے، جہاں سے ایم پاکس کی تصدیق ہوئی۔
محکمہ صحت کے مطابق مذکورہ مریض 16 اپریل کو پاکستان پہنچا تھا۔ معاملے کی سنگینی کے پیش نظر محکمہ صحت کے پبلک ہیلتھ سیکشن نے فوری طور پر متعلقہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (ڈی ایچ او) کو الرٹ جاری کیا۔ ساتھ ہی ڈی ایچ او خیبر کو کنٹیکٹ ٹریسنگ کے لیے باضابطہ مراسلہ بھی جاری کر دیا گیا۔
محکمہ صحت کے مطابق مریض کو پولیس سروسز ہسپتال میں قائم آئسولیشن وارڈ میں منتقل کر دیا گیا ہے تاکہ دیگر افراد کی صحت کو لاحق خطرات سے بچایا جا سکے۔ حکام کے مطابق کنٹیکٹ ٹریسنگ کا عمل فوری طور پر شروع کر دیا گیا ہے تاکہ ممکنہ متاثرین کو بروقت طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔






