
خلیج اردو
اسلام آباد:اسلام آباد ہائیکورٹ نے توشہ خانہ کیس ٹو میں بھی بانی پی ٹی آئی کی ضمانت منظور کرتے ہوئے رہا کرنے کا حکم دیدیا،، عدالت نے بانی پی ٹی آئی کو 10، 10 لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کی ہدایت کردی،،
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے توشہ خانہ ٹو کیس میں بانی پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت پرسماعت کی،، بانی پی ٹی آئی کے وکیل سلمان صفدر اور ایف آئی اے پراسیکیوٹر عدالت میں پیش ہوئے ۔
دوران سماعت عدالت نے استفسار کیا کہ جن تین کسٹمز افسران نے توشہ خانہ کے تحائف کی قیمت غلط لگائی ان سے متعلق کیا کارروائی ہوئی؟ اس پر ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے بتایا کہ کسٹمز افسران سے کوتاہی ہوئی لیکن وہ کرمنل مس کنڈکٹ نہیں تھا، جس نے مالی فائدہ اٹھایا وہ بنیفشری کریمنل مس کنڈکٹ کامرتکب ہوا۔
ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے مزید کہا کہ عدالت جو بھی فیصلہ کرے لیکن میڈیا میں پہلے سے ہے کہ ضمانت ہو جائے گی، اس پر جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہا میڈیا سے خود کو مستثنیٰ کرلیں،، میڈیا میں کہا جاتا ہے جان کر بیمار ہو گیا، جان کر نہیں آیا، میڈیا اگر سنسنی نہیں پھیلائے گا تو ان کا کاروبار کیسے چلے گا۔
ایف آئی اے پراسیکیوٹرعمیر مجید نے بتایا کہ بلغاری سیٹ توشہ خانہ میں جمع ہی نہیں کرایا گیا،،، ریاست کے تحفے کی کم قیمت لگواکر ریاست کو نقصان پہنچایا گیا،،، بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ دونوں نے فائدہ اٹھایا۔
جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے پوچھا بانی پی ٹی آئی کو کیسے فائدہ ہوا؟ جس پر ایف آئی اے کے تفتیشی افسر نے بتایا کہ جب بیوی کو فائدہ ملا تو شوہر کا بھی فائدہ ہوا،،، اس پر جسٹس گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دیے کہ میری بیوی کی چیزیں میری نہیں ہیں، ہم پتہ نہیں کس دنیا میں ہیں،،،
دوران سماعت جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے پی ٹی آئی حکومت کی توشہ تفصیلات خفیہ رکھنے کی پالیسی پر اہم ریمارکس بھی دیے کہا کہ پچھلی حکومت توشہ خانہ کی تفصیلات نہیں بتاتی تھی، ہم پوچھتے تھے تو توشہ خانہ کی تفصیلات چھپائی جاتی تھیں، ہائیکورٹ میں گزشتہ حکومت کہہ رہی تھی کہ توشہ خانہ کا کسی کو پتہ نہیں ہونا چاہیے۔
عدالت نے دلائل مکمل ہونے کے بعد توشہ خانہ ٹو کیس میں بھی عمران خان کی ضمانت منظور کرلی،،، بانی پی ٹی آئی کو ٹرائل کورٹ کے سامنے پیش ہونے کا حکم بھی دیا گیا ہے۔۔






