
خلیج اردو
کراچی: شہر قائد میں ایک اور حوا کی بیٹی بے رحمی سے قتل کر دی گئی۔ فرینٹیئر کالونی میں شوہر نے مبینہ طور پر اپنی 40 سالہ بیوی، ملکیت بی بی کو بچوں کے سامنے گلا کاٹ کر موت کے گھاٹ اتار دیا اور موقع سے فرار ہو گیا۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے آلہ قتل چھری برآمد کر لی ہے اور ملزم شعیب کی تلاش جاری ہے۔
مقتولہ کے چھ سالہ بیٹے نے روتے ہوئے بتایا، "میری ماں کو بلاک (اینٹھ) مارا گیا اور پھر اس کا گلا کاٹا گیا۔” واردات کے وقت تین بچے گھر میں موجود تھے جن کے کپڑوں پر بھی خون کے نشانات پائے گئے ہیں۔
مقتولہ کے بھائی نے بتایا کہ بہن کی شادی کو کافی عرصہ ہو چکا تھا، پانچ بچے زندہ ہیں جبکہ دو کا انتقال ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رات کے وقت مقتولہ کا بیٹا ان کے گھر آیا اور اطلاع دی کہ ماں کو قتل کر دیا گیا ہے۔
اہل محلہ کے مطابق، ملزم شعیب کی اپنی بیوی سے نہیں بنتی تھی اور وہ اکثر گھر سے ایک ایک مہینے کے لیے باہر رہتا تھا۔ شعیب پیشے کے لحاظ سے کیلے کا ٹھیلا لگاتا تھا اور گھریلو جھگڑوں کی وجہ سے دونوں میں تعلقات کشیدہ تھے۔
پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں سامنے آیا ہے کہ ملزم شعیب نے مبینہ طور پر گھریلو جھگڑے کے بعد بیوی کا گلا کاٹ کر قتل کیا۔ جائے وقوعہ سے آلہ قتل (چھری) برآمد کر لی گئی ہے جبکہ ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واردات کے وقت مقتولہ کے پانچ میں سے تین بچے گھر پر موجود تھے، جو اس المناک واقعے کے عینی شاہد ہیں۔ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔






