پاکستانی خبریں

عمران خان کا اشرف غنی کو فون، افغان مفاہمتی عمل پر بات چیت، غنی کی عمران کو دورہ افغانستان کی دعوت

خلیج اردو

25 ستمبر 2020

اسلام آباد: پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے افغان صدرڈاکٹر اشرف غنی کو ٹیلیفون کیا ہے۔ عمران خان نے ڈاکٹر غنی کو افغان امن عمل میں پاکستان کی مستقل حمایت کا یقین دلایا اور کہا کہ تمام افغان اسٹیک ہولڈرز کو اس تاریخی موقع سے فائدہ اٹھانا چاہیئے۔

 

پاکستان کے وزیر اعظم آفس سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اور افغان صدر اشرف غنی کے درمیان ٹیلیفونک گفتگو میں پاک افغان تعلقات کو مضبوط بنانے ور افغان امن عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے دوحہ میں انٹرا افغان مذاکرات شروع کرنے پر متعلقہ فریقین کے اقدامات کی تعریف کی ۔

 

دوران گفتگو وزیر اعظم نے جنگ بندی اور تشدد میں کمی کے لیے تمام افغان جماعتوں کے کردار کی اہمیت پر زور دیا اور افغان عوام کی خوشحالی کی اہمیت پر بات کی۔

 

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ افغان قیادت کو خود ایک جامع سیاسی معاہدے کے لئے مل کر کام کرنا چاہئے ۔ پاکستان افغان عوام کے بہتر مستقبل کے لیے کیے گئےفیصلوں کی مکمل حمایت کرے گا ۔

 

وزیر اعظم نے افغانستان کے دورے کی دعوت پر صدر اشرف غنی کاشکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ جلد افغانستان کا دورہ کریں گے۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ افغان قومی کونسل برائے قومی مفاہمت کے چیئرمین ڈاکٹر عبد اللہ عبد اللہ اگلے ہفتے اسلام آباد آئیں گے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button