پاکستانی خبریں

بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے نئے توشہ خانہ کیس میں گرفتاری کیخلاف اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا

خلیج اردو
اسلام آباد:بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے نئے توشہ خانہ کیس میں گرفتاری کیخلاف اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا ۔ رہائی اور آئندہ کسی بھی مقدمے میں گرفتاری ہائیکورٹ کے احکامات سے مشروط کرنے کی استدعا کر دی۔

 

بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے توشہ خانہ کیس میں گرفتاری کیخلاف درخواست دائر کردی، درخواست میں اسلام آباد ہائیکورٹ سے استدعا کی کہ نئے توشہ خانہ کیس میں گرفتاری کو غیرقانونی قرار دیکر رہا کرنے کے احکامات جاری کیے جائیں۔

 

موقف اپنایا گیا کہ بانی پی ٹی آئی اوربشریٰ بی بی کو سیاسی انتقام کیلئے جعلی مقدمات میں بلاجواز گرفتار کیا گیا۔ وفاقی اور پنجاب حکومت دونوں انہیں زیرحراست رکھنا چاہتے ہیں۔ دونوں ملزموں کو طلبی کے نوٹسز کے خلاف درخواستیں زیرسماعت ہونے کے دوران گرفتار کیا گیا۔

 

درخواست میں آئندہ کسی بھی مقدمے میں گرفتاری کو ہائیکورٹ کے احکامات سے مشروط کرنے کی استدعا کرتے ہوئے موقف اپنایا کہ سیاسی مخالفین نیب کو مسلسل سیاسی انتقام کیلئے استعمال کر رہے ہیں۔ اعلی عدالتیں اپنے فیصلوں میں زور دے چکیں کہ محض مقدمہ درج ہونے پر گرفتار نہیں کیا جا سکتا۔

 

دوسری جانب نیب ٹیم نے اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی سے توشہ خانہ دو سے متعلق تفتیش کا چوتھا مرحلہ مکمل کرلیا۔

 

ذرائع کے مطابق ٹیم نے ملزمان سے توشہ خانہ تحائف کے حوالے سے تفتیش کی۔ تحفہ میں ملنے بلگیری جیولری سیٹ سے متعلق سوالات کئے گئے۔ نیب ٹیم نے قریبا ایک گھنٹہ تک ملزمان سے تفتیش کی۔

 

نیب نے ملزمان کا احتساب عدالت سے 8روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کر رکھا ہے۔ 22جولائی کو تفتیشی افسر پیش رفت رپورٹ عدالت میں پیش کرے گا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button