
خلیج اردو
نئی دہلی – بھارت نے حالیہ کشیدگی کو جواز بنا کر ایک اور بزدلانہ قدم اٹھایا، ایشیا کپ سے دستبرداری کا اعلان کر دیا۔ بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے رواں برس بھارت میں شیڈول ایشیا کپ اور ویمن ایمرجنگ ایشیا کپ میں شرکت نہ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ایشین کرکٹ کونسل نے صورتحال کے پیش نظر تمام شیڈول ایونٹس کو فی الحال ہولڈ پر رکھ دیا ہے۔ ستمبر میں بھارت میں ہونے والا ایشیا کپ اور جون میں سری لنکا میں شیڈول ویمن ایمرجنگ ایشیا کپ اب غیر یقینی صورت حال سے دوچار ہو گئے ہیں۔
بی سی سی آئی کا کہنا ہے کہ بھارتی ٹیم ایسے کسی ٹورنامنٹ میں شرکت نہیں کرے گی جس کے منتظمین میں پاکستان کی نمائندگی ہو، خصوصاً جب اس کی قیادت پاکستانی وزیر کے پاس ہو۔
کرکٹ مبصرین کا کہنا ہے کہ یہ اقدام بھارت کی بڑھتی ہوئی بوکھلاہٹ اور کھیل کو سیاست میں گھسیٹنے کی ایک اور مثال ہے، جو خطے میں کھیلوں کے فروغ کے لیے نقصان دہ ہے۔






