پاکستانی خبریں

پاکستان کے دریا خشک کرنے کا بھارتی منصوبہ،اعلان کے بعد عمل درآمد بھی شروع،نئی حکمت عملی بنا لی

مودی حکومت ہوش کھو بیٹھی، بھارت نے آبی دہشتگردی کا آغاز کر دیا، دریائے چناب خشک ہونے لگا

خلیج اردو
اسلام آباد: بھارت نے ایک بار پھر پاکستان کے خلاف آبی دہشتگردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دریائے چناب پر واقع سلال ڈیم کا پانی بند کر دیا ہے، جس کے بعد دریائے چناب میں ہیڈ مرالہ کے مقام پر پانی کی آمد گھٹ کر صرف 5 ہزار 300 کیوسک رہ گئی ہے۔ مقبوضہ جموں کے علاقے رئیسی میں دریائے چناب تقریباً خشک ہو چکا ہے، جبکہ بگلیہار ڈیم کے بعد اب بھارت نے سلال ڈیم کی بندش کے ذریعے آبی جارحیت کو مزید شدت دے دی ہے۔

ذرائع کے مطابق بھارت اگلے مرحلے میں مقبوضہ کشمیر کے کشن گنگا ڈیم میں بھی پانی روکنے کی تیاری کر رہا ہے، جس سے دریائے جہلم میں پانی کی مقدار میں کمی واقع ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔ یہ اقدامات سندھ طاس معاہدے کی واضح خلاف ورزی کے مترادف ہیں۔

سفارتی اور ماحولیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ سندھ طاس معاہدے کو مؤثر رکھنے کے لیے بھارت کو ہر آبی منصوبے پر پاکستان کو کم از کم 6 ماہ پہلے آگاہ کرنا ہوتا ہے، مگر معاہدے کی معطلی کے بعد مودی حکومت بغیر اطلاع کے نئے ڈیموں کی تعمیر شروع کرنے جا رہی ہے۔ بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ مودی سرکار مقبوضہ وادی میں 6 نئے ڈیم بنانے کا ارادہ رکھتی ہے، جس سے خطے میں پانی کا توازن بگڑنے کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔

پاکستانی حکام نے اس صورتحال پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری اور عالمی بینک سے فوری مداخلت کا مطالبہ کیا ہے تاکہ سندھ طاس معاہدے کو بحال کر کے خطے میں آبی تنازعات کو روکا جا سکے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button