
خلیج اردو
اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر اور سینیٹر شیری رحمان نے بھارت کی جانب سے دریاؤں کا پانی بغیر اطلاع بند کرنے کو علاقائی امن کے لیے بڑا خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو فوری طور پر عالمی فورمز پر بھارت کے آبی رویے کو چیلنج کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کسی بھی قیمت پر اپنی قومی آبی خودمختاری پر سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ بھارت اگر پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرے گا تو اسے اس کی بھاری قیمت ادا کرنا پڑے گی۔ شیری رحمان نے خبردار کیا کہ پاکستان کی امن کی خواہش کو اس کی کمزوری نہ سمجھا جائے، ہم اپنے وسائل کی حفاظت کرنا جانتے ہیں، اور اگر بھارت باز نہ آیا تو اسے سنگین نتائج بھگتنا ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزیوں اور ڈیمز کی تعمیر کے ذریعے بھارت پانی کی سیاست کر رہا ہے جو بین الاقوامی قوانین اور علاقائی استحکام دونوں کے خلاف ہے۔






