
خلیج اردو
اسلام آباد – جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے بھارتی جارحیت کے خلاف حکومت اور افواج پاکستان سے مؤثر ردعمل کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت نے پاکستان کی حدود میں جو کچھ کیا، اس کا بدلہ صرف رافیل، مگ طیارے یا ڈرونز کا ملبہ نہیں ہوسکتا۔ بے گناہوں کے خون کا حساب لینا حکومت اور افواج پاکستان کی ذمہ داری ہے۔
اپنے بیان میں حافظ نعیم الرحمان نے پہلگام واقعے کے بعد سیاسی سطح پر مشاورت کے فقدان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسی سنگین صورتحال میں آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) نہ بلانا افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم نے سیاسی اختلافات بھلا کر حکومت کا ساتھ دینے کا فیصلہ کیا ہے، اب وقت ہے کہ افواج پاکستان واضح اور فیصلہ کن کردار ادا کریں۔
حافظ نعیم نے مزید کہا کہ قوم متحد ہے، ہم سب ایک ہوکر دشمن کا مقابلہ کریں گے، اور یہ وقت قومی یکجہتی اور عسکری قیادت کی بہادری سے بھارت کو مؤثر جواب دینے کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی خودمختاری اور سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا، اور دشمن کو اس کی ہر جارحیت کا جواب دیا جائے گا۔






