پاکستانی خبریں

پوری قوم متحد ہے،بھارت کی ہر فورم پر پاکستان دشمنی بے نقاب ہو چکی ہے، شبلی فراز

خلیج اردو
اسلام آباد: سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ بھارت نے ہر عالمی اور علاقائی فورم پر پاکستان کی مخالفت کی ہے، اور ہمیشہ تاک میں رہا ہے کہ کس طرح پاکستان کو نقصان پہنچایا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

سینیٹ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے شبلی فراز نے کہا کہ پہلگام واقعے کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں اور بھارت کی طرف سے پاکستان پر لگائے گئے الزامات کو یکسر مسترد کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت بغیر کسی ثبوت کے الزامات عائد کر رہا ہے، جبکہ مقبوضہ کشمیر میں اس کی افواج کشمیریوں پر ظلم و ستم کے پہاڑ توڑ رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سینیٹ سے متفقہ قرارداد منظور کرکے دشمن کو واضح پیغام دیا گیا ہے کہ پوری قوم متحد ہے۔ بھارت پاکستان میں دہشتگردی کو ہوا دیتا ہے، کلبھوشن یادیو اس کی زندہ مثال ہے۔

شبلی فراز کا کہنا تھا کہ دشمن کی کسی بھی حرکت کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا، قرارداد کے ذریعے دشمنوں کو ایوان کی جانب سے مشترکہ پیغام دیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جب تک ملک میں سیاسی استحکام نہیں آئے گا، معاشی بہتری ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2024 کے انتخابات کی تاریخ میں متنازع حیثیت اپنی انتہا کو پہنچی، اور موجودہ دور میں تاریخ کی سب سے زیادہ سیاسی گرفتاریوں کا سامنا ہے۔

شبلی فراز نے کہا کہ ملک میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں، ہمیں ایک مضبوط معیشت کی ضرورت ہے۔ آخر میں انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی ملک سے محبت اور عوام کی بھلائی کیلئے ان کا ویژن بے مثال ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button