پاکستانی خبریں

وزیرِاعظم محمد شہباز شریف سے انٹرنیشنل ٹریڈ یونین کنفیڈریشن کے سیکریٹری جنرل لوک ٹرائینگل کی ملاقات

خلیج اردو
اسلام آباد: وزیرِاعظم محمد شہباز شریف سے انٹرنیشنل ٹریڈ یونین کنفیڈریشن کے سیکریٹری جنرل لوک ٹرائینگل نے ملاقات کی۔ وزیرِاعظم نے انٹرنیشنل ٹریڈ یونین کنفیڈریشن کی عالمی سطح پر افرادی قوت کے حقوق کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہا۔

وزیرِاعظم نے کہا کہ پاکستان انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن کے ساتھ مل کر پاکستان میں مزدوروں اور کارکنان کے حقوق کے تحفظ کے لیے کام کر رہا ہے۔ حکومت ایمپلائز اولڈ ایج بینیفٹ اور ورک ویلفیئر فنڈ کا دائرہ کار بڑھا رہی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ ملازمین، کارکنان اور افرادی قوت ان کے فوائد سے مستفید ہو سکیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی سطح پر نیشنل ووکیشنل ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن اور صوبائی سطح پر ووکیشنل ٹریننگ انسٹیٹیوٹ نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کے لیے مختلف تربیتی پروگرامز کا انعقاد کر رہے ہیں تاکہ انہیں مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق مہارت حاصل ہو۔

وزیرِاعظم نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے اور 2022 کے سیلاب سے پاکستان کو 30 ارب ڈالر کے نقصانات کا سامنا کرنا پڑا۔ ان موسمیاتی تبدیلیوں کے نتیجے میں پاکستان میں مزدوروں اور کارکنان کو روزگار کے حوالے سے بہت سے مسائل کا سامنا ہوا اور نقصانات اٹھانے پڑے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور اس جیسے دیگر ممالک کو موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کو کم کرنے کے لیے بین الاقوامی مالیاتی اداروں سے خصوصی مالی معاونت کی ضرورت ہوگی۔ حکومت اس بات کو یقینی بنا رہی ہے کہ ماحولیاتی تبدیلی کے خطرے سے دوچار کمیونٹیز میں ماحولیاتی تبدیلی سے موافقت اور اس کے مضر اثرات کی تخفیف کی کوششیں معاشی طور پر کمزور طبقے کے معاش کی حفاظت کریں۔

انٹرنیشنل ٹریڈ یونین کنفیڈریشن کے سیکریٹری جنرل لوک ٹرائینگل نے پاکستان میں جمہوری اقدار کی تعریف کرتے ہوئے، ملک میں مزدوروں اور کارکنان کی بہتری کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو سراہا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button