
خلیج اردو
اسلام آباد: چیئرمین سی ڈی اے، چیف کمشنر اسلام آباد اور ڈی جی سول ڈیفنس محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت مون سون سیزن کی تیاریوں اور متعلقہ اداروں کے درمیان ہم آہنگی کو بہتر بنانے کے حوالے سے ایک اہم اجلاس سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں منعقد ہوا۔
اجلاس میں سی ڈی اے کے بورڈ ممبران، تمام فارمیشنز کے ڈائریکٹر جنرلز، ڈائریکٹر ڈی ایم اے اور دیگر افسران شریک ہوئے۔ اجلاس میں مون سون بارشوں کے دوران اسلام آباد میں نشیبی علاقوں سے پانی کی بروقت نکاسی، نالوں کی صفائی اور ٹریفک کے بہاؤ کو یقینی بنانے کے امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔
چیئرمین سی ڈی اے اور چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ مون سون کے دوران متعلقہ ادارے مکمل ہائی الرٹ رہیں اور کسی بھی کوتاہی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ نشیبی علاقوں میں پانی کے ٹھہراؤ اور نالوں کی صفائی کے حوالے سے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
اجلاس کے دوران یہ فیصلہ کیا گیا کہ ضلعی انتظامیہ، سی ڈی اے، ایم سی آئی اور ڈی ایم اے کے مابین رابطوں کو مزید مضبوط بنایا جائے گا تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری کارروائی ممکن ہو۔
محمد علی رندھاوا نے تمام فارمیشنز کے فوکل پرسنز اور فیلڈ اسٹاف کے درمیان مربوط رابطے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ وہ خود مشترکہ آپریشنز کا جائزہ لیں گے۔ بارش کے دوران سڑکوں پر پانی جمع نہ ہونے دیا جائے اور شہریوں کو کسی قسم کی پریشانی نہ ہو، یہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
بعد ازاں چیئرمین سی ڈی اے نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ بھی کیا، سی ڈی اے کے اقدامات کو سراہا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ مون سون کے دوران بھرپور محنت اور لگن سے نکاسی آب اور شہری سہولت کے لیے کام جاری رکھا جائے گا۔






