پاکستانی خبریں

بلوچستان کے مستونگ میں سیکیورٹی فورسز پر دہشتگردوں کا حملہ، تین جوان شہید، چار دہشتگرد ہلاک

خلیج اردو
راولپنڈی: بلوچستان کے ضلع مستونگ میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی پر دہشتگردوں کے حملے میں میجر رضوان طاہر، نائیک ابنِ امین اور لانس نائیک محمد یونس شہید ہوگئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں نے بھارتی حمایت سے بزدلانہ کارروائی کی، جس کے نتیجے میں دھرتی ماں کے تین سپوت جامِ شہادت نوش کر گئے۔

حملے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے فوری جوابی کارروائی کرتے ہوئے چار بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردوں کو واصلِ جہنم کر دیا۔ علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ دہشتگردوں کے باقی ماندہ سہولت کاروں کا قلع قمع کیا جا سکے۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ قومی سلامتی کے لیے سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں ہمارے عزم و حوصلے کو مزید مضبوط بناتی ہیں، اور مادرِ وطن کے تحفظ کے لیے ہر قیمت پر دہشتگردوں کا خاتمہ کیا جائے گا۔

شہداء کے حوالے سے تفصیلات جاری کرتے ہوئے آئی ایس پی آر نے بتایا کہ میجر رضوان طاہر شہید کی عمر 31 سال تھی اور ان کا تعلق نارووال سے تھا۔ میجر رضوان نے انسدادِ دہشتگردی کے متعدد آپریشنز میں جرأت مندی سے قیادت کی۔ نائیک ابنِ امین شہید کی عمر 37 سال اور تعلق صوابی سے تھا، جبکہ لانس نائیک محمد یونس شہید کی عمر 33 سال اور تعلق کرک سے تھا۔

 

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button