
خلیج اردو
راولپنڈی، 8 جولائی 2025 — وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ پنجاب میں ریکارڈ مدت میں سڑکوں کا جال بچھایا گیا ہے اور 30 سال سے نظرانداز کی گئی شاہراہیں اب تعمیر ہو چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کمیونیکیشن اینڈ ورکس (سی اینڈ ڈبلیو) ڈیپارٹمنٹ کی ٹیم نے غیرمعمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔
راولپنڈی کے ترقیاتی منصوبوں سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے بتایا کہ روات سے موٹر وے چوک تک سگنل فری کاریڈور مکمل کر لیا گیا ہے، جو روزانہ دو لاکھ گاڑیوں کے گزرنے کا اہم راستہ ہے۔ انہوں نے اس منصوبے کو راولپنڈی کے شہریوں کے لیے گیم چینجر قرار دیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے یہ بھی انکشاف کیا کہ پنجاب حکومت نے 50 ارب روپے کی لاگت سے 53 میں سے 50 منصوبے مکمل کر لیے ہیں، جو ان کی حکومت کی تیزرفتار ترقیاتی حکمت عملی کا واضح ثبوت ہے۔
پانی کے بحران سے نمٹنے کے لیے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا:
"پنجاب کے پانی کے مسائل کے حل کے لیے 50 ارب روپے مختص کیے جا چکے ہیں، اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لیے طویل پائپ لائنز بچھائی جا رہی ہیں۔”
انہوں نے پوٹوہار ریجن میں چھوٹے ڈیمز کی تعمیر کا بھی اعلان کیا تاکہ زرعی زمینوں کو سیراب کیا جا سکے اور کسانوں کو درکار پانی فراہم ہو۔
صفائی اور نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے ہر شہر کو واسا کی مشینری اور عملہ فراہم کیا جائے گا تاکہ شہری سہولیات کو جدید خطوط پر استوار کیا جا سکے۔
اپنے وژن کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا:
"اگلے 12 ماہ میں عوام کو ایک نیا اور بہتر پنجاب ملے گا، جہاں سہولت، ترقی اور خدمت کا عمل واضح طور پر نظر آئے گا۔






