پاکستانی خبریں

ریحام خان کی تنقید پر نور ظفر خان کا سخت ردعمل: "فیمینزم کا مطلب خواتین کو نیچا دکھانا نہیں

خلیج اردو
اسلام آباد، 8 جولائی 2025 — پاکستانی شوبز انڈسٹری میں اداکارہ سارہ خان کے حالیہ انٹی فیمینزم بیان نے نہ صرف سوشل میڈیا پر بحث چھیڑ دی ہے بلکہ اینکر و مصنفہ ریحام خان اور سارہ کی بہن نور ظفر خان کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ بھی شروع ہو چکا ہے۔

اداکارہ سارہ خان نے ایک انٹرویو میں کہا تھا:
"ہوسکتا ہے کہ میرے بیان کو غیر معمولی لیا جائے، لیکن میں فیمنسٹ نہیں ہوں۔ میں سمجھتی ہوں کہ مردوں کو ان کا مقام دینا چاہیے تاکہ عورتیں سکون میں رہیں۔”

ان کے اس بیان پر ریحام خان نے سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ
"میں سارہ کو صرف اس لیے جانتی ہوں کہ ان کے شوہر فلک شبیر انہیں پھولوں اور قیمتی تحفے دیتے ہیں۔ لیکن وہ یہ بھول چکی ہیں کہ آج وہ جس مقام پر ہیں، وہ فیمینزم کی ہی مرہون منت ہے۔”

ریحام خان نے سارہ کی بیٹی عالیانہ کو بھی گفتگو میں شامل کرتے ہوئے کہا کہ
"سارہ خود ایک بیٹی کی ماں ہیں۔ کل کو ان کی بیٹی کسی دوسرے گھر میں جائے گی، اگر اس کے ساتھ کچھ غلط ہو تو کیا وہ یہی رویہ رکھیں گی؟”

اس بیان پر سارہ کی بہن اور اداکارہ نور ظفر خان نے شدید ردعمل دیا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ریحام نے نہ صرف سارہ کو بلکہ اس کی کمسن بیٹی عالیانہ کو بھی نشانہ بنایا ہے، جو کہ انتہائی نامناسب ہے۔

نور ظفر خان نے کہا:
"فیمینزم کا مطلب یہ نہیں کہ کسی اور عورت کو نیچا دکھایا جائے۔ ہر عورت کو اپنی رائے کا حق ہے، اور اگر کوئی فیمینسٹ نہیں بھی ہے تو اس کی رائے کا احترام ہونا چاہیے۔ ریحام کو چاہیے کہ وہ خواتین کو اُبھاریں، نہ کہ ان پر تنقید کریں۔”

انہوں نے مزید کہا کہ
"ایک بیٹی کو نشانہ بنانا نہ صرف غیر اخلاقی ہے بلکہ ناقابل قبول بھی۔ اختلاف رائے ہو سکتا ہے، لیکن بچوں کو بحث میں گھسیٹنا کسی طور مناسب نہیں۔”

یہ تنازع ایک بار پھر پاکستانی شوبز میں فیمینزم اور خواتین کی آزادی رائے کے حوالے سے جاری مباحثے کو سامنے لے آیا ہے، جہاں مختلف آراء رکھنے والی خواتین کو اکثر ایک دوسرے کے مخالف سمجھا جاتا ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button