
خلیج اردو
اسلام آباد:حج کے خواہش مندوں کیلئے خوشخبری ہے کہ پاکستان کی نگران حکومت نے حج پالیسی 2024 تیارکرلی۔ وفاقی وزیر مذہبی امور انیق احمد نے کہا کہ حج پالیسی کی وفاقی کابینہ سے آئندہ 10روزمیں منظوری لے لی جائیگی۔40 روز کے حج سمیت کم مدت کا حج بھی پالیسی میں شامل ہے۔
وزیر مذہبی امور انیق احمد نے خوشخبری سناتے ہوئے کہاکہ گزشتہ برس حج پالیسی میں تاخیر سے کئی مسائل پیش آئے، حج پالیسی میں 40 روز کے حج سمیت کم مدت کا حج بھی شامل ہوگا۔
انیق احمد نے کہاکہ اب پاکستانی حاجی گم نہیں ہوں گے، انہیں مخصوص رنگ اور ڈیزائن کے دو سوٹ کیس دیئے جائیںگے، سوٹ کیس پر کیو آر کوڈ کی صورت میں عازمین حج کےکوائف موجود ہوںگے۔
ان کا کہنا تھاکہ عازمین حج اب ہر وقت پاکستان میں اہل خانہ سے رابطے میں رہ سکیں گے، عازمین کو پہلی مرتبہ خصوصی موبائل پیکچ دیاجائے گا۔
وزیر مذہبی امور نے بتایا کہ سعودی عرب کی موبائل فون کمپنی سے معاہدہ طے پا گیا ہے، 4 ہزارروپے کے موبائل پیکچ سے لامحدود بات ہو سکے گی۔