
خلیج اردو: وزارت قومی صحت نے کورونا کی روک تھام کے لیے بیرون ملک سے آنے والے پاکستانیوں کے لیے نئے ایس او پیز جاری کرتے ہوئے کیٹگری بنادی۔
سول ايوی ايشن اتھارٹی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق اے کيٹگری ميں شامل ممالک سے آنے والے مسافروں کو کورونا ٹيسٹ کی ضرورت نہيں جب کہ کيٹگری بی ممالک سے آنے والے مسافروں کو 96 گھنٹے پہلےکورونا ٹيسٹ رپورٹ لينا ہوگی اور تمام انٹرنيشنل مسافروں کو گزشتہ سفر اور بيماری کی معلومات دينا ہونگی۔
سی اے اے کی اے کیٹگری میں آسٹريليا، کينيڈا، چین، جرمنی، اٹلی، جاپان، ترکی، سعودی عرب اور یورپ کے کچھ ممالک شامل ہیں جب کہ امريکا، بھارت، يواے ای، برازيل، روس، اسپين، کولمبيا، پيرو، ارجنٹينا، ميکسيکو، جنوبی افریقا اور ديگرممالک کو بی کیٹگری میں شامل کیا گیا ہے۔
سی اے اے اعلامیے کے مطابق تمام انٹرنيشنل مسافروں کو گزشتہ سفر اور بيماری کی معلومات دينا ہوں گی جب کہ ٹيسٹ رپورٹ نہ ہونے پر بورڈنگ پاس جاری نہيں کيا جائے گا۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ مسافروں کو ايس اوپيز پر عملدرآمد کرنا ہوگا اور ذمہ داری ائیرلائنز پر ہوگی جب کہ تمام مسافروں کو اسکريننگ فارم پر کرنا بھی لازمی قرار دیا گیا ہے







