پاکستانی خبریں

شریف خاندان بھارت کے خلاف سخت ایکشن نہیں لے سکتا، سخت جواب صرف عمران خان دے سکتا ہے: عمر ایوب

خلیج اردو
اسلام آباد – تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل اور سابق وفاقی وزیر عمر ایوب نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شریف خاندان پر شدید تنقید کی اور پاکستان کی سلامتی کے معاملے پر سنجیدہ الزامات عائد کیے۔

عمر ایوب کا کہنا تھا کہ شریف خاندان بھارت کے خلاف سخت اقدامات نہیں اٹھا سکتا کیونکہ ان کے بھارت کے ساتھ کاروباری تعلقات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ "سخت ایکشن صرف ایک شخص لے سکتا ہے اور وہ عمران خان ہے”۔

انہوں نے ماضی کے واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ 1997 میں جب نواز شریف وزیراعظم اور ان کے والد غلام اسحاق خان وزیر خارجہ تھے، بھارت کا ایک MiG-25 طیارہ اسلام آباد کے اوپر پرواز کرتا رہا اور دو مرتبہ سونک بوم کیا، مگر حکومت نے کوئی سنجیدہ ردعمل نہ دیا۔

عمر ایوب کے مطابق، ان کے والد نے ایئر چیف کو ہدایت دی کہ اگر بھارت کا طیارہ یہاں آ سکتا ہے تو پاکستانی جیٹ بھی دہلی کے اوپر پرواز کریں، مگر اس کے لیے وزیراعظم کی اجازت درکار تھی، جو نہیں دی گئی۔ "نواز شریف کی اُس وقت کانپیں ٹانگ گئی تھیں”، عمر ایوب نے طنزیہ انداز میں کہا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایٹمی دھماکوں کے وقت اُن کے والد سمیت پانچ افراد نے فیصلہ کن کردار ادا کیا، جب کہ اس وقت کے وزیراعظم نواز شریف امریکی صدر بل کلنٹن سے ڈیل کے خواہاں تھے۔ لیکن ان کے والد نے واضح کر دیا کہ نیوکلیئر ڈیوائسز سیل ہو چکی ہیں اور چاغی میں دھماکے ضرور ہوں گے۔

عمر ایوب کا کہنا تھا کہ ہر بار جب شریف خاندان اقتدار میں آتا ہے، ملک کی سالمیت کو خطرات لاحق ہو جاتے ہیں، اور بھارت جیسے دشمن کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات صرف عمران خان ہی کر سکتا ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button