
خلیج اردو
اسلام آباد:افواجِ پاکستان نے آپریشن بُنْيَانٌ مَّرْصُوْص (آہنی دیوار) کے تحت بھارت کے جنگی عزائم کو کچلتے ہوئے بھرپور اور فیصلہ کن ردعمل دیا ہے۔ دفاعی اور سکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ جوابی کارروائی بھارت کی جانب سے پاکستان، امرتسر اور افغانستان کی سمت میں میزائل داغے جانے کے بعد کی گئی، جس کے نتیجے میں بھارت کے 26 حساس فوجی مراکز راکھ کا ڈھیر بن چکے ہیں۔
ذرائع کے مطابق افواجِ پاکستان نے بیاس میں براہموس میزائل سٹوریج سائٹ، ادھم پور ایئر ڈیفنس سسٹم، پٹھان کوٹ اور سورت گڑھ ائیر فیلڈ، جالندھر ایئر بیس، اور گجرات میں موجود متعدد فضائی اڈوں کو نشانہ بنایا۔ اس کے علاوہ راجستھان کی فوجی تنصیبات اور سری نگر ایئربیس بھی تباہی سے دوچار ہو چکے ہیں۔ سری نگر میں 20 بھارتی فوجیوں کی ہلاکت کی اطلاع ہے، جبکہ چندی گڑھ میں ہتھیاروں کے مرکزی ڈپو کو نشانہ بنا کر بے اثر کر دیا گیا۔
سکیورٹی حکام کے مطابق ادھم پور ایئر بیس کو تین میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا، جبکہ دہرنگیاری میں بھارتی آرٹلری گن پوزیشن اور راجوڑی میں بھارتی ملٹری انٹیلیجنس کا تربیتی مرکز مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا، جو پاکستان میں دہشتگردی کے لیے استعمال ہو رہا تھا۔
اس کے ساتھ ہی بٹھنڈہ ایئر فیلڈ، اکھنور ایوی ایشن بیس، اور سرسہ ایئر فیلڈ کو بھی مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا ہے۔ بھارتی دارالحکومت دلی پر بھی حملہ کیا گیا، جس سے پورے ملک میں خوف و ہراس کی فضا چھا گئی ہے۔ بھارت کے مختلف علاقوں میں دھماکوں کی آوازیں سنی جا رہی ہیں اور ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق پاک فوج نے اُن تمام مراکز کو نشانہ بنایا ہے جہاں سے پاکستان کے عوام اور عبادت گاہوں پر حملے کیے گئے تھے۔ ان مراکز پر فتح ون میزائل داغے گئے، جو اپنے ہدف کو انتہائی درستگی سے نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
آپریشن بُنْيَانٌ مَّرْصُوْص کا نام قرآنِ مجید کی سورۃ الصف سے اخذ کیا گیا ہے، جس میں اللہ کی راہ میں صف بستہ ہو کر لڑنے والوں کو آہنی دیوار قرار دیا گیا ہے۔ یہی جذبہ اس وقت افواجِ پاکستان کے سپاہیوں میں موجزن ہے، جو مادرِ وطن کے دفاع کے لیے سیسہ پلائی دیوار بن چکے ہیں۔






