
۔
خلیج اردو: وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اقلیتی آمور وزیر زادہ نے کہا ہے کہ کیلاش کمیونٹی میں ان کے روایات اور اقدار کے مطابق کیلاش میرج ایکٹ متعارف کر رہے ہیں۔ اس حوالے سے گزشتہ روز معاون خصوصی اور پاک کونسل آف ورلڈ ریلیجنز کے چئیرمن قاری روح اللہ مدنی کے مابین ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے، جس کے رو سے کیلاش میرج ایکٹ ترتیب دیا جائیگا۔ کیلاش میرج ایکٹ کو قانونی شکل دینے اور تمام تر لوازمات پورا کرنے کے لئے کیلاش کمیونٹی سے مشہور ومعروف قانون دان ایڈوکیٹ نابیگ کیلاش کے خدمات سے استفادہ کیا جارہاہے۔کیلاش میرج ایکٹ کو مرتب کرنے اور قانونی دستاویز کی شکل دینے کے لئے ایڈوکیٹ نابیگ کیلاش مقامی مشران اور مذہبی رہنماؤں سے بھی مشاورت کرینگے، جس میں کیلاش کمیونٹی کے روایات اور ثقافتی اقدار کو بھی ملحوظ خاطر رکھا جائیگا۔ اس موقع پر وزیر زادہ نے کہا کہ کیلاش میرج ایکٹ کمیونٹی کے لئے ایک تاریخی لمحہ ثابت ہوگا۔ میرج ایکٹ کے لئے تمام تر قانونی اور کیلاش کمیونٹی کے روایات کے تقاضے پورے کرنے کے بعد محکمہ اقلیتی آمور کے وساطت سے اس ایکٹ کو منظوری اور قانون سازی کے لئے صوبائی اسمبلی میں پیش کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ کیلاش کمیونٹی کے لئے آج ایک تاریخی دن ہے، پاکستان تحریک انصاف کے وژن اور اصولوں کے عین مطابق اقلیتوں کو قانون سازی کے ذریعے مکمل تحفظ فراہم کرنے کے لئے آئے روز اقدامات کی طرف بڑھ رہے ہیں اور کامیابیاں مل رہی ہے۔ معاون خصوصی کا کہنا تھاکہ کیلاش میرج ایکٹ سے کیلاش کمیونٹی کے روایات اور اقدار کو نہ صرف قانونی تحفظ فراہم ہوسکےگی بلکہ یہاں کے عوام میں پیار ومحبت اور روایتی ہم آہنگی کو مزید فروغ ملےگا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت واحد حکومت ہے جس نے تمام مکاتب فکر اور کمیونٹی کے لوگوں کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ترجیحی بنیادوں پر نہ صرف اقدامات اٹھائے ہیں، بلکہ عملی طور پر ثابت بھی کیا ہے۔






