پاکستانی خبریں

حکومت نے افغان شہریوں کیلئے ویزہ پالیسی کی منظوری دیدی ، وفاقی کابینہ کی برطانوی ایئرلائن کو پاکستان اور برطانیہ کے درمیان پروازوں کی اجازت

خلیج اردو
29 ستمبر 2020
اسلام آباد: پاکستان کی وفاقی کابینہ نے افغانستان کے حوالے سے مجوزہ پالیسی کی اصولی منظوری دیدی۔ اس پالیسی کے مطابق افغان شہریوں کو پاکستان کیلئے ویزوں میں آسانیاں پیدا کی گئی ہیں۔

وزیر اعظم کے نمائندہ خصوصی برائے امور افغان محمد صادق نے فیصلے کو خوش آئیند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ افغانستان کیلئے ویزہ پالیسی سے افغان مریضوں کو بارڈر پر ہی ویزہ جاری کیا جائے گا۔ صادق خان نے کہا ہے کہ پالیسی کے مطابق افغان سرمایہ کاروں ، طلباء ، سیاحوں اور دیگر شعبوں کے افراد کو ان کی ضرورت کے مطابق مختصر اور زیادہ دورانیہ کیلئے ویزہ فراہم کیے جائیں گے۔ صحت کے حوالے سے نئی کیٹگری متعارف کرائی گئی ہے۔

دوسری طرف وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں برطانوی ایئرلائن ورجن اٹلانٹک کو پاکستان اور برطانیہ کے مابین پروازوں کے اجراءکی منظوری دی گئی۔ منظوری پاکستان اور برطانیہ کے درمیان ایئرسروس معاہدے کے تحت دی گئی ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان اس معاہدے کے تحت برطانیہ سے برٹس ایئر ویز جبکہ پاکستان سے پی آئی اے ، ایئربلیو اور شاہیں ایئر کو دونوں ممالک کے درمیان پروازوں کی اجازت ملی ہوئی ہے۔

 

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button