پاکستانی خبریں

پاکستان کا پہلا سرکاری بٹ کوائن ریزرو اور قومی والٹ قائم کرنے کا اعلان، وزیراعظم کے مشیر بلال بن ثاقب کا عالمی اسٹیج پر اعتماد کا اظہار

خلیج اردو
لاس ویگاس – پاکستان نے عالمی سطح پر ایک تاریخی قدم اٹھاتے ہوئے اپنے پہلے سرکاری حمایت یافتہ بٹ کوائن ریزرو اور قومی بٹ کوائن والٹ کے قیام کا اعلان کردیا ہے۔ یہ اعلان وزیراعظم کے مشیر برائے ڈیجیٹل اکانومی بلال بن ثاقب نے لاس ویگاس میں ایک عالمی کانفرنس کے دوران اسٹیج سے کیا۔

بلال بن ثاقب نے کہا کہ "یہ والٹ ریاستی تحویل میں موجود ڈیجیٹل اثاثوں کو محفوظ رکھنے کیلئے بنایا گیا ہے، تاکہ پاکستان دنیا کے جدید ترین مالیاتی نظام سے ہم آہنگ ہو سکے۔” انہوں نے واضح کیا کہ حکومت نے بٹ کوائن مائننگ اور اے آئی ڈیٹا سینٹرز کے قیام کے لیے 2000 میگاواٹ اضافی بجلی مختص کر دی ہے۔

انہوں نے عالمی برادری کو آگاہ کیا کہ پاکستان میں اس وقت چالیس ملین سے زائد کرپٹو والٹس موجود ہیں اور ملک دنیا کی سب سے بڑی فری لانسنگ معیشتوں میں سے ایک بن چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا، "پاکستان اب ماضی کا قیدی نہیں بلکہ ٹیکنالوجی کا مرکز بن چکا ہے۔ ہم یہاں خواب نہیں، حقیقتیں بنا رہے ہیں۔”

بلال بن ثاقب نے دنیا بھر کی کرپٹو کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے ملک کو کرپٹو اور بلاک چین کے مستقبل کا مرکز قرار دیا۔ انہوں نے تقریب میں موجود امریکی نائب صدر جے ڈی وینس، ایرک ٹرمپ اور ڈونلڈ ٹرمپ جونیئر کی موجودگی کو پاکستان کیلئے بین الاقوامی توجہ کا ثبوت قرار دیا۔

اس موقع پر انہوں نے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حالیہ پاک بھارت کشیدگی میں امن قائم کرنے اور کرپٹو اپنانے کے لیے ادا کی گئی خدمات کو سراہا، جسے شرکاء نے بھرپور پذیرائی دی۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button