
خلیج اردو
راولپنڈی – آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر بلوچستان میں دو علیحدہ علیحدہ کارروائیاں کرتے ہوئے بھارت کی سرپرستی میں کام کرنے والے کالعدم گروہ ‘فِتنہ الہندوستان’ سے تعلق رکھنے والے 5 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا ہے۔
لورالائی میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کے دوران 4 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا، جن کا تعلق بھارتی اسپانسرڈ نیٹ ورک سے تھا۔ ان دہشت گردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور بارودی مواد برآمد ہوا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کا تعلق این-70 پر معصوم شہریوں پر ہونے والے مہلک حملوں سے تھا، جن میں قیمتی انسانی جانیں ضائع ہوئیں۔
ایک اور کارروائی میں کیچ کے علاقے میں ایک دہشت گرد کو مارا گیا جو ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث تھا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں اور ملک دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔






