
خلیج اردو
لاہور – صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ جمہوریت کے تسلسل، اداروں کے استحکام اور عوامی مسائل کے دیرپا حل کے لیے باہمی ہم آہنگی اور سیاسی مکالمے کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اُنہوں نے یہ بات گورنر ہاؤس لاہور میں پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے وفد سے گفتگو کے دوران کہی۔
صدر نے زور دیا کہ ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تمام طبقات کے ساتھ مشاورت اور تعاون کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جمہوری اقدار کے استحکام میں تمام سیاسی قوتوں کا کردار اہم ہے اور اس ضمن میں قومی یکجہتی کا ماحول پیدا کرنا سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
اس موقع پر جنوبی پنجاب کے وفد نے صدر کو علاقے کو درپیش دیرینہ مسائل اور دیگر اہم امور سے آگاہ کیا۔ وفد میں چوہدری ذکا اشرف، ممتاز علی چانگ، مخدوم شہاب الدین اور رکن قومی اسمبلی مخدوم طاہر شامل تھے۔ وفد نے صدر کو خطے میں عوامی مسائل، ترقیاتی ضروریات اور سیاسی صورتحال سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔
صدر آصف علی زرداری نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ جنوبی پنجاب کے عوامی مسائل کے حل کے لیے حکومت ہر ممکن اقدامات کرے گی اور پیپلز پارٹی ہمیشہ عوامی امنگوں کی ترجمان رہی ہے۔






