
خلیج اردو
اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ کا خطرہ موجود ہے اور آنے والے دو چار دن انتہائی اہم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان صرف اس صورت میں جوہری ہتھیار استعمال کرے گا جب اس کا وجود خطرے میں ہو۔
وزیر دفاع کے مطابق مسلح افواج نے ممکنہ جنگی صورتحال پر حکومت کو تفصیلی بریفنگ دی ہے اور اس تناظر میں کچھ اہم سٹریٹجک فیصلے بھی کر لیے گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان مکمل طور پر ہائی الرٹ پر ہے اور مسلح افواج کو ہر طرح کی صورتحال کے لیے تیار کر لیا گیا ہے۔
خواجہ آصف نے بتایا کہ لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر پاکستان اور بھارت کی افواج بڑی تعداد میں تعینات ہیں اور دونوں جانب افواج ایک دوسرے کا سامنا کر رہی ہیں۔ موجودہ صورتحال میں پاکستان اور بھارت کے درمیان نہ تو کوئی براہ راست مذاکرات ہو رہے ہیں اور نہ ہی کوئی بالواسطہ رابطہ قائم ہے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی کے تانے بانے بھارت سے جا ملتے ہیں۔ اگر دونوں ممالک کے درمیان کوئی تصادم ہوا تو اس کی مکمل ذمہ داری بھارت پر عائد ہوگی۔






