پاکستانی خبریں

پاک بھارت کشیدگی کے بعد وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی سفارتی مہم، 8 ممالک کے وزرائے خارجہ سے رابطے

خلیج اردو
اسلام آباد: پاک بھارت کشیدگی کے بعد وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی سفارتی رابطہ کاری مہم تیزی سے جاری ہے۔ وزیر خارجہ نے حالیہ صورتحال کے تناظر میں دنیا کے اہم ممالک کے وزرائے خارجہ سے براہ راست رابطے کیے اور انہیں بھارت کے یکطرفہ اقدامات اور الزامات کے حوالے سے تفصیلی آگاہی دی۔

دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار نے نیشنل سیکیورٹی کمیٹی کے اجلاس میں ہونے والے فیصلوں سے بھی اپنے ہم منصبوں کو آگاہ کیا۔ جن ممالک کے وزرائے خارجہ سے رابطہ کیا گیا ان میں برطانیہ، چین، سعودی عرب، ترکیہ، ایران، مصر، قطر، آذربائیجان اور متحدہ عرب امارات شامل ہیں۔

وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے خاص طور پر یو اے ای کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان سے بھی بات چیت کی، جس میں حالیہ علاقائی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اماراتی وزیر خارجہ نے گفتگو کے دوران خطے میں استحکام، مکالمے اور پرامن حل کی اہمیت پر زور دیا۔ دونوں ممالک نے اس بات پر اتفاق کیا کہ وہ قریبی رابطہ اور مشاورت جاری رکھیں گے تاکہ خطے میں امن و استحکام کو فروغ دیا جا سکے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button