عالمی خبریںپاکستانی خبریں

اقوام متحدہ میں پاکستان کا بھارت کے جھوٹے پروپیگنڈے پر زبردست وار، بھارتی ریاستی دہشت گردی کا پردہ چاک

خلیج اردو
نیویارک: پاکستان نے اقوام متحدہ میں بھارت کے بے بنیاد الزامات کو مسترد کرتے ہوئے زوردار اور مدلل جواب دیا ہے۔ اقوام متحدہ میں پاکستانی قونصلر جواد اجمل نے عالمی فورم پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو اپنے علاقائی حریف کی سرپرستی میں دہشت گردی کا سامنا ہے، اور اس حوالے سے ہمارے پاس ناقابل تردید شواہد موجود ہیں۔

جواد اجمل نے اقوام متحدہ کو بتایا کہ بلوچستان میں جعفر ایکسپریس پر حملہ بیرونی سرپرستی میں کیا گیا، جس میں 30 معصوم پاکستانی شہری شہید ہوئے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان برسوں سے دہشت گردی کا نشانہ بن رہا ہے اور عالمی برادری کو دہشت گردی کے متاثرین اور ان کے خاندانوں کی حمایت کرنی چاہیے۔

انہوں نے زور دیا کہ دہشت گردوں اور ان کے سرپرستوں کو عالمی سطح پر جوابدہ ٹھہرایا جانا چاہیے۔ قونصلر جواد اجمل نے واضح کیا کہ دہشت گردی اور حق خودارادیت کی جائز جدوجہد کے درمیان فرق کرنا نہایت ضروری ہے۔

مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے پاکستانی قونصلر نے بتایا کہ بھارت نے وہاں 9 لاکھ سے زائد فوجی تعینات کر رکھے ہیں، جو کشمیری عوام پر ریاستی جبر اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہے ہیں۔

پاکستان نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بھارتی مظالم کا نوٹس لے اور مقبوضہ کشمیر میں جاری ریاستی دہشت گردی کو بند کرانے میں اپنا کردار ادا کرے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button