
خلیج اردو
3 ستمبر 2020
اسلام آباد: پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز پی آئی اے نے مزید 74ملازمین کو نوکری سے نکال دیا جس کے بعد جعلی ڈگریوں اور لائنسز کے الزامات سمیت دیگر الزامات میں نکالے گئے ملازمین کی تعداد 177 ہو گئی ہے۔
پی آئی اے کے انسانی وسائل کے ادارے کے مطابق ان ملازمین پر جعلی ڈگری رکھنے ، دوران ڈیوٹی غفلت کا مظاہرہ کرنے ، املاک کو نقصان پہنچانے اور منشیات سمگلنگ کے الزمات ہیں۔
ترجمان کے مطابق 4 ملازمین کی تنزلی کی گئی اور 11 کو دیگر ادارتی سزائیں دی گئیں جبکہ 17 ملازمین کو بہترین کارکردگی کے اسناد بھی دیئے گئے۔
پی آئی اے میں ملازمین کو ملازمت سے نکالنے کا سلسلہ وفاقی وزیر ہوابازی غلام سرور خان کی جانب سے 24 جون کو دیئے گئے اس بیان کے بعد شروع ہوا جس میں انہوں نے انکشاف کیا تھا کہ 850 میں سے 262 پاکستانی پائلٹس کے لائنسسز مشکوک ہیں جس کی جانچ پڑتال کی جائے گی۔
اس بیان کے بعد امریکہ ، یورپی یونین سمیت مختلف ممالک نے پی آئی اے کی پروازوں پر پابندی عائد کی تھی جس کے بعد حزب اختلاف کی سیاسی جماعتوں سمیت سوشل میڈیا اور دیگر پلیٹ فارمز پر حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔
Source : Khaleej Times







